جمعیت علماء اسلام نے اگست میں چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد میں صوبائی اور ضلعی ذمہ داروں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ۔ ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہاکہ تمام صوبوں میں مشاورت کیلئے کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ کوئٹہ ، پشاور ،سکھر اور ملتان میں کونشن ہونگے،کنونشن سے مولانا فضل الرحمن اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
اسلم غوری نے کہاکہ مہنگائی ،بدامنی ،لاقانونیت اور آئین سے ماورا قانون سازی کے خلاف آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے خلاف حالیہ جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کیا جائے گا۔ اسلم غوری نے کہاکہ جے یو آئی آئین اور جمہوریت کی بقاء کی جنگ ایوانوں کے ساتھ ساتھ میدانوں میں بھی لڑے گی۔
انہوںنے کہاکہ ایوان میں اٹھنے والی آواز کو بلیک آئوٹ اور میدانوں میں بلند ہوتی آواز پر کردار کشی کو چیلنج کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ انتہاء پسندی ،فرقہ واریت اور لسانیت کی سیاست دفن کرنے کا صلہ کردار کشی اور جھوٹے پروپیگنڈے کی صورت قبول نہیں۔اسلم غوری نے کہاکہ انتخابات چوری کرنے والوں کا بھر پوتعاقب کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کارکن تیاری کریں،انشاء اللہ اگلا دھکا ریت کی دیواروں کیلئے آخری ہو گا۔









