میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، عوامی سہولیات اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز

28

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں جوائنٹ روڈ پر میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عمران زیب کاسی، زرغون زون انچارج عبدالحق بلوچ اور چیف اینٹی انکروچمنٹ آفیسر قاسم خان کی جانب سے انسدادِ تجاوزات کارروائی عمل میں لائی گئی، جس دوران سڑک اور عوامی گزرگاہوں میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کو ہٹایا گیا۔

کارروائی کے دوران ریڑھی بانوں کے ساتھ دوستانہ انداز میں بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت اور رہنمائی فراہم کی گئی کہ کاروبار کے دوران عوامی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔

شہر میں ریڑھی بانوں کے کاروباری سرگرمی کو منظم کرنے کے لیے باقاعدہ اجازت ناموں،پرمٹ کا نظام متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے، جس کے تحت رجسٹریشن کے بعد ہینڈ کارٹ مالکان کو مقررہ علاقوں میں کاروبار کے لیے اجازت نامے،پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے ریڑھی مالکان کو مجوزہ طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ باقاعدہ نظام کے تحت اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں۔جوائنٹ روڈ پر ٹریفک اور عوامی آمدورفت کو درپیش متعدد مسائل کے مستقل اور عملی حل کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے مختلف اقدامات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ سڑک کے کنارے غیر منظم انداز میں کی جانے والی پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے مسئلے کے حل کے لیے عوام کے لیے کھلی پارکنگ کی جگہ تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس سے سڑک پر بے ترتیب پارکنگ کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔

اسی طرح جوائنٹ روڈ پر خریداری کے لیے آنے والی خواتین کی بڑی تعداد کے پیش نظر ایم سی کیو نے پبلک واش رومز کی تعمیر کے لئے بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا جوائنٹ روڈ سمیت شہر کے دیگر اہم تجارتی علاقوں میں مقصد صرف تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کے لیے آسان آمدورفت، کاروباری سرگرمیوں کی بہتر تنظیم اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں