بجلی، گیس و پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضروریات عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں ، حکومت مسائل کا فوری حل نکالے، جے یو آئی کوئٹہ

25

جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ اور دیگر رہنماں نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے شہری بنیادی سہولیات کے شدید بحران کا شکار ہیں۔

بجلی، گیس اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضروریات عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امن و امان کی طرح بنیادی سہولیات بھی صرف ریڈ زون تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام کی ناقص، غیر ذمہ دارانہ اور ظالمانہ پالیسی، نیز غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین، تاجروں، دکانداروں، طلبہ، مریضوں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث واٹر سپلائی اور ٹیوب ویلز بھی متاثر ہو رہے ہیں، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔جے یو آئی رہنماں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بجلی، گیس اور پانی کی بدترین صورتحال نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کی بے حسی اور غفلت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور حکومت و انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں