بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ تفتان میں پھنسے سینکڑوں ٹرک، بوزر، کنٹینرز اور مازدا گاڑیوں کو آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں اور منزلوں تک واپس پہنچ سکیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں ٹرک کئی ماہ سے تفتان میں خالی کھڑے ہیں اور واپسی کے منتظر ہیں۔ اس سلسلے میں ہمارے معزز ٹرانسپورٹر رہنماؤں کی آئی جی ایف سی سے ملاقات بھی ہو چکی ہے،
جس میں آئی جی ایف سی صاحب نے تسلی بخش یقین دہانی کرائی ہے۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ آئندہ کا لائحہ عمل بھی مثبت اور بہتر ہوگا اور تفتان میں پھنسے ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو جلد از جلد آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت مل جائے گی۔









