بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو غیر معینہ مدت کی احتجاجی تحریک شروع کریں گے، رحیم کاکڑ

2

مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ اور کابینہ اراکین نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور کاروباری طبقے کو درپیش سنگین مسائل، شاہراہوں پر بدامنی، تاجروں کے سامان اور ٹرانسپورٹروں کی گاڑیوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے اور حکومت کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کے خلاف آج بروز جمعرات 11 جون بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے دی گئی اس ہڑتال کی کال کی بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، مختلف ٹرانسپورٹرز تنظیموں، انجمن ہائے تاجران اور کاروباری حلقوں نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

رحیم کاکڑ نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے ٹرک نذر آتش کیے جا رہے ہیں، سامان لوٹا جا رہا ہے، ڈرائیوروں کو اغواء اور قتل کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ قومی شاہراہوں پر ایف سی، کسٹمز، پولیس اور دیگر اداروں کی متعدد چیک پوسٹیں قائم ہیں لیکن اس کے باوجود تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے مال اور گاڑیوں کو تحفظ حاصل نہیں۔ تاجروں کو سامان کی نقل و حمل کے دوران مختلف مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب جان و مال کے تحفظ کی بات آتی ہے تو کوئی ادارہ ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔

بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ شہر سے باہر نکلتے ہی حکومتی رٹ کمزور دکھائی دیتی ہے اور شاہراہوں پر خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ آئے روز مال بردار گاڑیوں کو جلایا جا رہا ہے، قیمتی سامان تباہ ہو رہا ہے اور تاجروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے صرف مذمتی بیانات جاری کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی دہشت گردی، بدامنی، معاشی بحران، بارڈر تجارت کی بندش، پٹرول بحران، بیروزگاری اور کاروباری جمود کا شکار ہے۔

ایسے حالات میں توانائی بچت کے نام پر کاروباری اوقات محدود کرنے اور تاجروں پر مزید معاشی دباؤ ڈالنے کے فیصلے ناقابل قبول ہیں۔مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے صوبے بھر کے تمام تاجروں، دکانداروں، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کی شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے کاروبار بند رکھیں جبکہ تمام ٹرانسپورٹرز قومی شاہراہوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتجاجی ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

بیان میں وفاقی اور صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو قومی شاہراہوں پر مکمل تحفظ فراہم نہ کیا گیا، بدامنی کے واقعات پر قابو نہ پایا گیا، متاثرہ تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے نقصانات کا ازالہ نہ کیا گیا اور بلوچستان کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات نہ کیے گئے تو مرکزی انجمن تاجران بلوچستان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان بھر میں غیر معینہ مدت کی پہیہ جام ہڑتال اور احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں