ایف آئی اے فیصل آباد کی کارروائی، غیر قانونی فارن کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا، ملزم کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے غیر قانونی فارن کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزم کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم فرید اللہ ولد عبداللہ سکنہ قلعہ سیف اللہ بلوچستان بغیر کسی لائسنس یا اجازت نامہ کے جناح کالونی، ہجویری مسجد کے قریب، فیصل آباد میں غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے قبضہ سے اٹھارہ کروڑ ایرانی ریال(18,00,000,00) اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
موبائل فونز سے غیر ملکی کرنسی کے ریٹس، لین دین کی تفصیلات، بینک رسیدیں اور واٹس ایپ کے ذریعے حوالہ / ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ایران بارڈر ایریاز اور کوئٹہ سے غیر ملکی کرنسی منگوا کر پاکستان کے مختلف شہروں میں سپلائی کرتا تھا اور یہ کاروبار بغیر کسی قانونی اجازت کے انجام دے رہا تھا۔ برآمد شدہ شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف FIR No. 13/2026 بجرم سیکشن 4, 5, 8, 23 فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔









