جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل اور شاہ زاہد مشوانی نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام کی قیادت نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ، قومی یکجہتی اور امن و رواداری کے فروغ کے لیے اصولی اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔
ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے محاذ آرائی کے بجائے سنجیدہ حل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں، عدم برداشت اور عوامی مسائل سے عدم توجہی کے باعث ملک سنگین سیاسی و معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف محاذ کھولنے اور سیاسی کشیدگی میں اضافے کے بجائے عوام کو درپیش مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور معاشی بدحالی جیسے بنیادی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان آئینی حدود و اختیارات کا احترام اور قومی معاملات میں باہمی اعتماد کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے آئین کی بالادستی، جمہوری روایات کی پاسداری اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے۔









