ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ایسٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر ایک دکان سیل کرکے17افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ پیر کواسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے سروے 144 اور عالمو چوک کے علاقوں میں تندور مالکان، آٹا اور گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف پرائس کنٹرول کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران مختلف دکانوں اور کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا اور سرکاری نرخ نامے، مقررہ وزن اور صفائی کے اصولوں کی پابندی کا جائزہ لیا گیا۔ خلاف ورزی پر 7 افراد کو گرفتار جبکہ 3 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے تاجروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کریں اور اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فروخت کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ گرانفروشی، کم وزن اور نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسپیشل مجسٹریٹ سریاب عزت اللہ نے ایسٹرن بائی پاس، جٹک اور بنگلزئی اسٹاپ میں پرائس کنٹرول آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران 20 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر 10 دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک دکان کو سیل بھی کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔









