یوم آزادی پر صدر، وزیراعظم، عسکری قیادت اور سیاسی رہنماؤں کی قوم کو مبارکباد

34

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سمیت سیاسی رہنماؤں نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ان قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جن کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماؤں و کارکنوں اور وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر، تحفظ اور روزگار کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بھی باہمی احترام اور خودمختاری کی پاسداری کی توقع ہے، افغان سرزمین پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان کی مسلح افواج مذموم عزائم کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب تیزی سے جاری ہے، اگرچہ اس راستے میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور معاشی استحکام کا مقصد حاصل کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے حملوں کے جواب میں ثابت کیا کہ مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

عسکری قیادت کا پیغام

مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن، جرات اور غیر متزلزل عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہی ورثہ پاکستانیوں کو ملک کے بنیادی اصولوں اور قومی نظریات پر قائم رہنے کی مسلسل ترغیب دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں