نوجوان تاجر مزمل خان بڑیچ کے اغوا، تشدد، دھمکیوں، رقم وصولی اور ان کی ویڈیو بنانے و دیگر ناروا سلوک کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

29

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کوئٹہ کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں نوجوان تاجر مزمل خان بڑیچ کے اغوا، تشدد، دھمکیوں، رقم وصولی اور ان کی ویڈیو بنانے و دیگر ناروا سلوک کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو اس طرح ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت اور تشویشناک ہے۔

پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق مزمل خان بڑیچ کو طور پر زبردستی اپنے ساتھ لے جایا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا، رقم کا مطالبہ کیا گیا اور موبائل فون و ویڈیو کے ذریعے بھی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں پیش آنے والا یہ واقعہ قانون کی عملداری اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے کئی سنجیدہ سوالات پیدا کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان کے خاندان کے بعض افراد کا ماضی بھی سنگین نوعیت کے واقعات سے منسلک رہا ہے۔ 2014 میں تبلیغی مرکز کی مسجد فاروقیہ میں متعدد بے گناہ افراد کی شہادتوں کا واقعہ بھی اسی حوالے سے انتہائی افسوسناک ہے، جبکہ علاقے میں منشیات فروشی اور دیگر جرائم کے حوالے سے بھی مذکورہ خاندان کے بعض افراد کے خلاف شکایات اور الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔

پارٹی نے کہا کہ ان تمام واقعات اور الزامات کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ کسی بھی فرد یا خاندان کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے، شہریوں کو اغوا کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے، دھمکانے یا ان سے زبردستی رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنائیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔

پارٹی نے مطالبہ کیا کہ مزمل خان بڑیچ کے واقعے کی مکمل، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، متاثرہ شہری اور اس کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود سمیت پورے علاقے میں منشیات فروشی، اغوا، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں