گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیاست اور صحافت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ ان کی مشترکہ کوششوں سے جمہوریت مستحکم ہو جاتی ہے بلوچستان کے تجربہ کار صحافی پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ زمینی حقائق بیان کرنا ایک صحافی کا صحافتی ذمہ داری ہے، اس لئے آپکی اصولی تنقید اور بیخوف سچ بولنا حکومت اور احتساب کو آگے بڑھانے کیلئے اہم چیک کا کام کرتا ہے۔
بلوچستان انٹرنیشنل تھینک ٹینک کی منعقدہ تقسیم ایوارڈز تقریب انٹرنیشنل سول ایوار وصول کرنے والے صحافیوں کو مبارکباد دی اور میڈیا پرسنز کو عشیائیہ دینے کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انٹرنیشنل تھینک ٹینک کی تقریب میں شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع چیرمین بلوچستان تھینک ٹینک اویس جدون، صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید، جنرل سیکرٹری محمد ایوب ترین، صدر بی یو کے منظور احمد، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، سید علی شاہ، سلیم شاید، ڈاکٹر فرید آغا، ڈاکٹر سعادت، عطیہ اکرم و دیگر اہم اشخاص موجود تھے۔
واضح رہے کہ مذکورہ تقسیم ایوارڈز تقریب میں بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک نے گورنر جعفر خان مندوخیل کو جنوبی افریقہ کے انقلابی رہنما نیلسن منڈیلا ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ بلوچستان میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے صحافیوں کو قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور نثار عثمانی کے نام سے منسوب بین الاقوامی سول ایوارڈز دیئے گئے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ پروگرام محض ایک تقریب نہیں بلکہ یہ پرنٹ اور الیکٹرانک سے وابستہ صحافی حضرات کی گرانقدر خدمات، عوام کی ترجمانی اور ان کی جرات کی حوصلہ افزائی ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کے ان تمام لوگوں کیلئے بھی امید کی ایک کرن ہے جو آزادی اظہار کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ میرے تقریباً چالیس سالہ سیاسی سفر میں، میں تمام صحافیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا ہوں سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ صحافی حضرات میرے قریبی ساتھی رہے ہیں۔
آپ سب گواہ ہیں کہ روز اول سے آج تک ہم نے ملکر میڈیا پرسنز کے حقوق اور تحفظ کی وکالت کرتے ہوئے ہر ذمہ دار پلٹ فارم پر اپنی آواز بلند کی ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ صحافی حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑے فخر سے کی جاسکتی ہے کہ موجودہ ہماری حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
آج پورے صوبے میں ایک صحافی بھی جیل میں نہیں ہے۔ ہم آپ کی آزادی اظہار، جہموری کردار اور دلیر آوازوں کی عزت کرتے ہیں۔ ہم معاشرے کی خاموش اکثریت کی ترجمانی پر آپ کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ آج بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک صوبہ میں صحافی برادری کی خدمات اور قربانیوں کے قابل فخر محافظ کے طور پر کھڑا ہے۔ ان صحافیوں کو جنہوں نے بیخوف ہوکر سچائی کیلئے کھڑے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور نثار عثمانی کے نام سے منسوب ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں۔
آخر میں گورنر بلوچستان نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر تمام منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور ہقین دلایا کہ ہم آئندہ بھی صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور حق گوئی کے دفاع کو مضبوط کرتے رہیں گے۔ آئیے ہم سچ کی بالادستی کیلئے ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کریں۔









