سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی کی نگرانی میں پی ٹی اے کے عملے نے ائیرپورٹ روڈ پر قائم مختلف کوچ کمپنیوں کے بکنگ آفسز کا دورہ کرکے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔معائنے کے دوران مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ریکارڈ، بکنگ سسٹم، مسافروں کے اندراج اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے متعلقہ کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر مکمل اور موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر حکام نے واضح کیا کہ بغیر قانونی دستاویزات کے کسی بھی شخص کو نہ ٹکٹ جاری کیا جائے اور نہ ہی سفر کی اجازت دی جائے۔ تمام مسافروں کا مکمل ریکارڈ، شناختی معلومات اور سفری تفصیلات بکنگ آفس اور متعلقہ گاڑی میں موجود ہونا لازمی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال میں انتظامیہ کو معلومات کی فراہمی میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام بکنگ آفسز اپنے دستی (مینول) ریکارڈ کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام کو فوری طور پر پیش کرنے کے قابل ہوں۔ حکام نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسافروں کی حفاظت، سفری نظام میں شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔









