نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال جنوری میں جاری کیے گئے متوقع موسمی جائزے کے عین مطابق ہے جبکہ اپریل تا جون کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی جاری کیا جا رہا ہے۔
الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسی دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، بٹگرام اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بھی آندھی، جھکڑ اور بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اضلاع اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، ژوب، لورالائی، زیارت، قلات، چمن، پشین، سبی، خضدار، نوشکی، آواران، واشک اور کوہلو میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک حادثات کا خدشہ بھی موجود ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، احتیاط سے گاڑی چلائیں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کے سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔









