جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہا ہے کہ قید و بند کی صعوبتیں ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہمارے اسلاف نے آزادی حق گوئی اور اصولوں کی سربلندی کی خاطر ہر طرح کی آزمائشیں برداشت کیں مگر اپنے نظریات اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
انہوں نے سر جھکانے کے بجائے سر کٹانے کو ترجیح دی اور اپنے کردار و عمل سے استقامت جرات اور قربانی کی لازوال تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم انہی عظیم اسلاف کے پیروکار ہیں جن کی جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ہم نہ ماضی میں آزمائشوں سے گھبرائے اور نہ آج مشکلات سے مرعوب ہوں گے بلکہ ہر قسم کے مصائب و آلام کا مقابلہ بلند حوصلے پختہ عزم اور غیر متزلزل استقامت کے ساتھ کریں گے۔ مالٹا سے ہری پور اور مچھ تک کی جیلیں ہمارے اکابر کی جدوجہد حق پرستی اور بے مثال قربانیوں کی گواہ ہیں۔ تاریخ کے یہ روشن ابواب ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ حق و اصول کی خاطر آنے والی ہر آزمائش کو خندہ پیشانی سے قبول کرنا ہی اہلِ حق کا شیوہ ہے۔









