دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیکنالوجی کی دنیا کے بادشاہ ایلون مسک ایک بار پھر شدید ترین تنازع کی زد میں آ گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بار ایلون مسک پر کسی کاروباری حریف نے نہیں بلکہ ان کی سابقہ اہلیہ جسٹن ولسن نے ایسے خوفناک اور سنگین الزامات عائد کیے ہیں جنہیں سن کر سب دنگ رہ گئے۔
یہ تمام سنسنی خیز انکشافات ایلون مسک کی زندگی پر بننے والی نئی اور دھماکے دار دستاویزی فلم ’مسک‘ میں سامنے آئے ہیں جس کی ہدایت کاری شہرہ آفاق فلم ساز ایلکس گبنی نے دی ہے۔
سابق اہلیہ جسٹن ولسن نے فلم میں اپنے دل کا غبار نکالتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایلون مسک ان کے ساتھ انتہائی تحقیر آمیز رویہ رکھتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایلون مسک انھیں مسلسل غیر اہم اور کمتر محسوس کرواتے تھے اور ہر وقت ان کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ان کا پسندیدہ مشغلہ تھا۔
جسٹن ولسن نے سال 2000ء میں اپنی شادی کا ایک انتہائی چونکا دینے والا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہم اپنی شادی کی پہلی ڈانس پرفارمنس دے رہے تھے تو ایلون نے میرے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس رشتے کا اصل باس اور پورا اختیار صرف میرے پاس ہے۔









