عدالت عالیہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور دیرینہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مشترکہ اور عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن بشیر احمد بڑیچ اور ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ دوستین دشتی نے مشترکہ طور پر شہر کی اہم و مصروف ترین شاہراہوں ڈبل روڈ اور زغون روڈکا تفصیلی دورہ کیا،دورے کے دوران دونوں حکام نے ٹریفک کے بہاؤ، بے ہنگم پارکنگ اور سڑکوں پر موجود رکاوٹوں کا معائنہ کیا اور مختلف سائٹس کو مخصوص پارکنگ پوائنٹس کے طور پر مختص کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔
دورے کے موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اعلیٰ افسران، مجسٹریٹ عمران زیب کاسی، لاء آفسر عبداللہ خان، زون سپروائزر قاسم خان اور دیگر متعلقہ اہلکار و حکام بھی موجود تھے۔معائنے کے دوران ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑچ اور ایس ایس پی ٹریفک نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج کے بعد ڈبل روڈ اور زغون روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر کسی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل کو سڑک کے کناروں (روڈ سائیڈ) پر کھڑا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، اور اسپتال کے سامنے بھی پارکنگ کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔
تمام شہریوں اور ڈرائیورز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں صرف میٹروپولیٹن کارپوریشن کے قائم کردہ اور مختص شدہ پارکنگ پوائنٹس پر ہی پارک کریں،حکام نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کا عملہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اہلکار سڑکوں کو صاف اور ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے موقع پر موجود رہیں گے اور شہریوں کی رہنمائی و تعاون یقینی بنائیں گے۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں اور سڑک پر غیر قانونی پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ایس ایس پی ٹریفک نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئٹہ شہر کو ٹریفک جام کے عذاب سے نکالنے اور سڑکوں کو کشادہ رکھنے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں اور اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ ایریاز میں ہی کھڑی کریں۔









