بی ایف اے نے 300 کلوگرام مضرِ صحت مرغی گوشت برآمد کر لیا

15

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ناقص خوراک کے خاتمے کیلئے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک جانب 300 کلوگرام خراب، بدبودار اور مضرِ صحت چکن گوشت کی مارکیٹ میں سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

جبکہ دوسری جانب سیوریج کے پانی سے اگائی گئی مضرِ صحت سبزیوں کے خلاف جاری مرحلہ وار کریک ڈاؤن کے دوران متعدد مقامات پر آلودہ فصلیں تلف کر دی گئیں۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈائریکٹر آپریشنز کی ہدایت کے تحت کچلاک بائی پاس پر رات گئے کامیاب کارروائی کی گئی، جہاں مسافر بس نمبر BSC-217 سے 300 کلوگرام خراب اور مضرِ صحت چکن گوشت برآمد ہوا۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور کچلاک پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران بدبودار گوشت قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ خصوصی آپریشن رات ایک بجے تک جاری رہا اور بروقت کارروائی کے باعث غیر معیاری گوشت مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

علاوہ ازیں کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب، کلی جیو، کشمیر آباد، ہزارہ ٹاؤن، قمبرانی روڈ اور شاہ جی چوک میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیوریج کے پانی سے اگائی گئی ہری پیاز، دھنیا، پودینہ اور جامنی مولی کی مضرِ صحت فصلیں تلف کر دیں۔ کارروائی کے دوران غیر محفوظ سبزیوں کو فوری طور پر ضبط کرکے تلف کیا گیا اور سیوریج کے پانی سے آبپاشی کے راستے بند کر دیے گئے تاکہ آلودہ سبزیوں کی مارکیٹ تک رسائی مکمل طور پر روکی جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خراب گوشت کی غیر قانونی ترسیل ہو یا سیوریج کے پانی سے اگائی گئی سبزیوں کی پیداوار، دونوں عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈی جی بی ایف اے نے مزید کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں خوراک کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کے تمام مراحل کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔فیلڈ انسپیکشنز کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ غیر محفوظ خوراک کو کسی بھی صورت عوام تک پہنچنے نہ دیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں ہر قسم کی ناقص خوردنی مصنوعات کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں جاری رکھیں گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مضرِ صحت خوراک، غیر قانونی فوڈ کاروبار یا خوراک کی تیاری و ترسیل سے متعلق مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں