بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران کوئٹہ، پشین، لورالائی، ڈیرہ اللہ یار اور گوادر میں مختلف فوڈ بزنسز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے۔بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملک شاپس، جنرل و کریانہ اسٹورز، بیکنگ یونٹس، نمکو مینوفیکچرنگ یونٹس، بیکریز، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، پیزا پوائنٹس، ملک شیک یونٹس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور پولٹری شاپس کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انسپیکشن کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، غیر معیاری و مضر صحت اجزاء کا استعمال، خوراک کی غیر مناسب اسٹوریج، ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی میں کوتاہی جیسے متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 42 فوڈ بزنسز پر جرمانے عائد کیے گئے، 3 یونٹس کو سیل کیا گیا جبکہ 49 اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ کاروباری مالکان فوری طور پر اپنی خامیوں کو دور کریں۔ بی ایف اے حکام کے مطابق خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔









