وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشکی میں 11 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قابلِ فخر ہیں، جبکہ آپریشن شبان کے دوران دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کا خاتمہ اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن دشمن عناصر کے عزائم کو مسترد کرچکے ہیں اور دہشت گردی کے ذریعے خوف پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔









