کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی، ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، پولیس ،ایف سی متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور شیعہ کانفرنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ محرم الحرام ایک مقدس، بابرکت اور قابلِ احترام مہینہ ہے جس کی فضیلت اور احترام تمام مکاتبِ فکر میں مسلمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور کے موقع پر تمام انتظامات کا بروقت جائزہ لینا اور عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران شیعہ کانفرنس کے نمائندوں نے محرم الحرام کے حوالے سے درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔
کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور متعلقہ ادارے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔کمشنر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، نالیوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک کے کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خراب اسٹریٹ لائٹس کو درست کرکے جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں کیسکو حکام کو ہدایت کی گئی کہ محرم الحرام خصوصاً ساتویں، نویں اور دسویں محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور لوڈشیڈنگ سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔ اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو بھی ہدایت کی گئی کہ محرم الحرام کے ایام میں گیس کی فراہمی کا شیڈول بہتر بنایا جائے۔محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رکھتے ہوئے اضافی طبی عملہ، ایمبولینسز، ادویات اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔
اسی طرح واسا حکام کو عزاداران کے لیے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ضرورت پڑنے پر ٹینکروں کے ذریعے بھی پانی فراہم کیا جائے گا۔سیکیورٹی کے حوالے سے کمشنر نے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت محرم الحرام کے تمام پروگراموں کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص ساتویں، نویں اور دسویں محرم الحرام کو مچھ، ڈاگاری اور دیگر علاقوں سے آنے والے عزادار قافلوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کے کوئٹہ آمد سے لے کر واپسی تک تمام راستوں پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ شہر کے اندر برآمد ہونے والے مرکزی جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی بھرپور نگرانی کی جائے گی، جبکہ تمام حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی تعینات کی جائے گی تاکہ عزاداران کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندے چوبیس گھنٹے موجود رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔









