حکومت بلوچستان نے سول اسپتال کوئٹہ کے ملازم عبدالرزاق ترکئی کو ان کی غیر معمولی جرات، بہادری اور فرض شناسی کے اعتراف میں سول ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ کے دوران عبدالرزاق ترکئی نے بروقت اور جرات مندانہ اقدام کرتے ہوئے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی فوری مدد کی، جس دوران وہ خود بھی جھلس گئے۔
ان کا یہ اقدام انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ فرض شناسی کی روشن مثال ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیر علاج اہلکار عبدالرزاق ترکئی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ان کی مزاج پرسی کی اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے سول ایوارڈ کی نامزدگی کے حوالے سے سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے تاکہ مقررہ قواعد کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔









