وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امن کے لیے کثیرالجہتی تعاون اور سفارت کاری کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں مؤثر سفارت کاری ہی تنازعات کے پْرامن حل اور عالمی استحکام کی ضامن ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عالمی صورتحال میں دانشمندانہ اور متوازن سفارتی حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف کشیدگی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا
بلکہ دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لیے ایک مثبت مثال بھی قائم کی ہے وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو حالیہ سفارتی کامیابیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت کی بصیرت افروز پالیسیوں نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے پاکستانی سفارت کاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کو بھی سراہا، جن کی کاوشوں سے ملک کا تشخص مزید مضبوط ہوا انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کے ذریعے نہ صرف ممکنہ تنازعات کو ٹالا جا سکتا ہے بلکہ عالمی امن، تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کے اصولوں کو ترجیح دی ہے، اور یہی اصول دنیا میں پائیدار امن کی بنیاد ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر عالمی تنازعات کا حل بھی مثبت اور نتیجہ خیز سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی، غربت اور دیگر عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہیں،
جنہیں مؤثر سفارت کاری کے ذریعے عملی شکل دی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی بحران میں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے ملک کو ایک ذمہ دار اور سنجیدہ عالمی ریاست کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی مکالمے، تعاون اور باہمی احترام کے اصولوں کو فروغ دے کر عالمی امن و استحکام میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔









