بلوچستان میں قدرتی وسائل کی بنیاد پر صنعتوں کا قیام اور روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

18

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے دسویں اجلاس میں صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، جن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بلوچستان کی پہلی مقامی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری اور سوئی میں لو بی ٹی یو گیس سے فرٹیلائزر کمپلیکس قائم کرنے پر اتفاق شامل ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے بلوچستان میں رجسٹرڈ انشورنس کمپنی قائم کی جائے گی، جس سے سرکاری اداروں اور مقامی شہریوں کو بہتر انشورنس سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ مقامی سطح پر مالیاتی خدمات اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے اور نجی شعبے کی شراکت داری سے صوبے کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس کا قیام صنعتی ترقی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا

اور مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد صوبے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مقامی سطح پر صنعتوں کا قیام، روزگار کی فراہمی، معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے، جس کے لیے ترقیاتی اور صنعتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں