بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مخبرکے تحفظ کے حوالے سے مسودہ قانون مزید غور کیلئے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ایوان میں پیش کیا گیا غیررسمی تعلیم کامسودہ قانون متعلقہ قائمہ کے حوالے کردیا گیا،محکمہ صحت سے متعلق رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ کی پیش کردہ تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد کردی گئی، بلوچستان میں محکموں کو ختم یا ضم کرنے کے معاملے پر اسپیکر نے محکمہ نظم ونسق سے رپورٹ طلب کرلی صحبت پورمیں فٹبال گراونڈکا نام رکن اسمبلی کے والد کے نام پر نہ رکھنے اور صوبے کے کئی علاقوں کو سرد علاقوں سے تبدیل کرکے گرم علاقوں میں منتقل کرنے کے معاملات پر اسپیکر نے ڈپٹی کمشنر صحبت پور اور سیکرٹری تعلیم کو چیمبر میں طلب کرلیا بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں شروع ہوا۔
اجلاس میںپارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے اجلاس میں تحریک پیش کی کہ بلوچستان وسل بلور کا مسودہ قانون مصدرہ 2026 مسودہ قانون نمبر14 مصدرہ 2026ء کو کمیٹی کی سفارشات کے بموجب منظور کیا جائے، رکن اسمبلی اسد بلوچ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مسودہ قانون بلوچ پشتون روایات کے برعکس ہے لہذا بل کو واپس لیا جائے اس بل کے تحت کوئی بھی شخص کسی کے خلاف بھی ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے چیئرمین سید ظفر آغا نے کہا کہ مسودہ قانون کو قائمہ کمیٹی میں کافی غور کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے ، اگر معزز رکن اسمبلی کو اس پر اعتراض ہے تو ہم اس پر اسپیکر صوبائی اسمبلی کی سربراہی میں دوبارہ بیٹھنے اور بل پر دوبارہ غور کیلئے تیار ہیں جس پر اسپیکر نے مذکورہ مسودہ قانون کو سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کی رولنگ دی، اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود و انسانی حقوق بلوچستان ولی محمد نورزئی نے غیررسمی تعلیم کا مسودہ قانون مصدرہ 2026ئ( مسودہ قانون نمبر 28 مصدرہ 2026ئ پیش کیا جسے اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی رولنگ دی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسپیکر سے استدعا کی کہ وہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ہدایت کریں کہ اس پر جلد از جلد غور کرکے حتمی شکل دے جس پر اسپیکر نے متعلقہ کمیٹی سے ایک ہفتے میں غیر رسمی تعلیم کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی،نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت نے کئی ایک محکمے ختم اور دوسرے محکموں میں ضم کئے ہیں جس سے ہزاروں ملازمین کو پریشانی کا سامنا ہے کہ وہ کس محکمے میں ہیں ، بی ڈی اے ، زراعت ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ، زکوةٰ ، بیف و دیگر محکموں کے حوالے سے حکومت اس ایوان کو اعتمادمیں لے ، لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں کہ ان کا مستقبل کیا ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اس سلسلے میں ہمیں اعتماد میں لیں کہ کیا وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر ان محکموں کو ختم یا ضم کیا گیا اور ان کے ملازمین کا مستقبل کیا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بیف کے تحت 17 ہزار طلبائ تعلیم حاصل کررہے ہیں ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی بتایا جائے، جس پر اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سے اس ضمن میں مکمل رپورٹ طلب کرلی۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2008 سے 2013 کی اسمبلی کے دوران بطور رکن صوبائی اسمبلی صحبت پور میں فٹبال گرا?نڈ قائم کیا گرا?نڈ کیلئے میرے والد نے زمین دی تھی اور اس کیلئے میں نے موجودہ حکومت میں فنڈز مختص کرائے اور گراونڈ کو اپنے والد کے نام سے منسوب کیا تاہم ڈپٹی کمشنر صحبت پور نے 12 نومبر کو محکموں کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ میرے والد کے نام بورڈ سے ہٹایا جائے جو انتہائی افسوسناک ہے، انہوں نے اسپیکر سے استدعا کی کہ وہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو طلب کریں، صوبائی وزیر میرسلیم کھوسہ نے کہا کہ صحبت پور کو 2013 میں ضلع کا درجہ دیا گیا ، وہاں 85 فیصد آبادی کھوسہ اور 15 فیصد دیگرقبائل کی ہے لیکن ہم نے کبھی صحبت پور کا نام تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی، حکومت کا فیصلہ ہے کہ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کسی رکن کی سفارش پر نہیں کی جائیگی ، ہم نے بھی مختلف منصوبوں کیلئے بلامعاوضہ زمین دی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے نام رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم کسی عمارت کانام رکھنے کا ایک طریقہ کار ہے، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صحبت پور کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان سابق نگران وزیراعظم میر ہزارخان کھوسہ نے کیا تھا لیکن اس کا نوٹیفکیشن نے بطور وزیراعلیٰ میں جاری کیا ، بعد ازاں اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے ڈی سی صحبت پور کو طلب کرلیا،نیشنل پارٹی کے رکن رحمت صالح بلوچ نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گوادر اور تربت جانیوالی ٹرانسپورٹ سے ناگ کے قریب مسلح جھتے بھتہ لے رہے ہیں ، یہ لوگ کون ہیں جو عوام پرظلم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واشک اور وڈھ کے اضلاع کے ڈی سیز کو بلایا جائے ایک نہیں درجن بھر مقامات پر لوگوں سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے ، آئی جی کو طلب کیا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیائ اللہ لانگو نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اورہماری حکومت کاواضح موقف ہے کہ اس طرح کی صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی اگر کوئی ایسا کررہا ہے تو رکن اسمبلی تمام ثبوت دیں نام بتائیں ایکشن لیں گے جس پر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہم کسی کا نام نہیں جانتے۔
جماعت اسلامی کے رکن ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ سرداروں ، نوابوں اور کالعدم تنظیموں کے لوگ کررہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی جانب سے ایک انٹرویومیں خاتون رکن اسمبلی کے حوالے سے غیرمناسب الفاظ ادا کرنے پر ان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو الفاظ استعمال کئے وہ ان کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جیونی اور اورماڑہ میں غیرقانونی ٹرالنگ کی جانب توجہ دے۔
اسپیکر نے محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق سوالات نمٹا دیئے ، اجلاس میںمولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں اجلاس میںجماعت اسلامی کے رکن مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے توجہ دلاؤنوٹس پیش کرتے ہوئے وزیر برائے محکمہ کمیوڈٹی منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی توجہ صوبے میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں ، حکومت آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے بابت کیا اقدامات اٹھارہی ہے اور سرکاری گوداموں میں اس وقت کتنی گندم ذخیرہ ہے تفصیل سے آگاہ کیا جائے، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ کوئٹہ اور ملک کے دیگر بڑئے شہروں میں آٹے کے نرخ میں کوئی زیادہ فرق نہیں کہیں سو روپے کم تو کہیں سو روپے زیادہ میں فروخت ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ پر عملدرآمد کرانا محکمہ کمیوڈتی منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی نہیں بلکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی ذمہ داری ہے ، چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو آٹے کی مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور آٹے اور دیگر اشیاء خوردنوش کی مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت پرعملدرآمد کے حوالے سے ہرماہ اجلاس ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 2024ء کے بعد سے صوبائی حکومت نے گندم نہیں خریدی اس لئے سرکاری گوداموں میں گندم نہیں ، حکومت پاسکو سے گندم کی خریداری کررہی ہے،صوبائی وزیرکی یقین دہانی پر اسپیکر نے توجہ دلاؤنوٹس نمٹادیا۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 18 نومبر کی سہ پہر 3 بج تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔









