امریکا میں ایک ہفتے کے دوران ای میل سروسز، فضائی آپریشنز اور بینکنگ نظام میں بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابیاں سامنے آنے کے بعد ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی سیکیورٹی اور بھروسا مندی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلے ای میل سروسز متاثر ہوئیں، پھر ایئرلائنز کے نظام میں خلل پڑا اور اب امریکی بینکوں کی آن لائن سروسز بھی تکنیکی خرابیوں کا شکار ہوگئیں۔ ان مسلسل واقعات نے صارفین میں تشویش پیدا کردی ہے کہ روزمرہ زندگی کا انحصار جن ڈیجیٹل نظاموں پر ہے، وہ کس قدر غیر مستحکم ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان واقعات کو عمومی طور پرتکنیکی مسائل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بار بار پیش آنے والی خرابیوں نے ان کے اصل اسباب اور ڈیجیٹل نظاموں کی مضبوطی سے متعلق سوالات پیدا کردیے ہیں۔ پیر کو یونائیٹڈ ایئرلائنز کو بھی اپنے ٹیکنالوجی نظام میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔









