عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس پر ردعمل دیتے ہوئے مقتول کے وکیل جبران ناصر کی حمایت کردی۔
گزشتہ کئی روز سے جبران ناصر کے بیانات کے مختلف کلپس سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں، جن پر اب ماہرہ خان نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔
ماہرہ خان نے جبران ناصر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور لکھا، ’’جبران ناصر، آپ بہترین کام کررہے ہیں، ہم سب اس ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔‘‘
اداکارہ نے مزید کہا، ’’یہ سب بکواس اب ختم ہونی چاہیے۔‘‘
دوسری جانب میر رضا کے وکیل جبران ناصر کے مطابق مقتول کے اہلخانہ نے عدالتی کمیشن پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔
واضح رہے کہ میر رضا کی قبرکشائی کے بعد سامنے آنے والی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں پیچھے سے گولی لگی تھی، جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے تھے۔
رپورٹ میں دائیں ران اور جبڑے پر فریکچر کے شواہد اور جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر خون کے دھبوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔









