پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے کہا ہے کہ ان کی 12 سال کی عمر میں شادی ہوئی تھی اور 14 سال کی عمر میں وہ ماں بن گئی تھیں۔
پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کی معروف اداکارہ جہان سلطانہ، جنہیں نوشابہ بی بی کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ بالخصوص پرانے ڈراموں میں پشتون کردار ادا کرنے کے حوالے سے کافی مشہور رہی ہیں۔
اداکارہ نے پشتو ریڈیو میں بھی کام کیا ہے، نوشابہ بی بی کی پشتو ریڈیو اور پی ٹی وی سے وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
ان کا تعلق سوات سے ہے اور وہ ہمیشہ ٹی وی پر سر ڈھانپ کر نظر آئی ہیں، مداح ان کی شائستگی اور خوش گفتاری کے معترف ہیں، جب کہ خیبر پختونخوا میں ان کی بڑی فین فالوونگ ہے۔
حال ہی میں نوشابہ بی بی نے ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو خصوصی انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی کم عمری کی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔









