امریکہ نے سال 2025 کے دوران وینزویلا، نائیجیریا، صومالیہ، شام، ایران، یمن اور عراق میں مختلف فوجی کارروائیاں کیں، جن میں ڈرونز، فضائی اور بحری حملے شامل تھے۔ ان کارروائیوں کا مقصد منشیات کے نیٹ ورک، دہشت گرد گروہوں اور حساس عسکری مقامات کو نشانہ بنانا بتایا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں وینزویلا میں ڈرگز بوٹ پر حملے کی تصدیق کی، جس میں منشیات کے سامان کو روکنے کے لیے کارروائی کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق 26 دسمبر 2025 کو شمالی نائجیریا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی گئی، جبکہ صومالیہ میں القاعدہ سے وابستہ الشاباب اور آئی ایس آئی ایل کے ٹھکانوں کو کم از کم 111 فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
19 دسمبر کو شام میں آئی ایس آئی ایل کے متعدد مقامات پر حملہ کیا گیا، جبکہ ستمبر میں کیریبین میں چھوٹے جہازوں پر کارروائی کے دوران انسانی حقوق کی تنظیموں نے کچھ ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
22 جون کو ایران کی تین جوہری تنصیبات پر حملے کی تصدیق ہوئی، جس کے نتیجے میں ایران کے جوہری پروگرام میں تاخیر آئی۔ عراق میں 13 مارچ کو امریکی فضائی کارروائی میں داعش کے اہم کمانڈر ابو خدیجہ ہلاک ہوئے۔
جنوری 2024 سے امریکہ نے یمن میں حوثی گروپ کے خلاف فضائی اور بحری کارروائیاں بھی کیں، جو اسرائیل سے متعلق حملوں کے جواب میں انجام دی گئی تھیں۔
پینٹاگون کے مطابق یہ کارروائیاں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نشانہ بنانے اور عالمی سلامتی کے تحفظ کے لیے کی گئی ہیں۔









