وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تہران میں ہونے والے چار ملکی اجلاس کا بنیادی محور سعودی عرب کی صورت حال تھا، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے تحت مملکت کا دفاع پاکستان کی ذمہ داری بھی ہے۔ ان کے بقول اجلاس میں مثبت پیشرفت کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور امید ہے کہ خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کی راہ نکل سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تہران میں ہونے والی ملاقات میں امریکا کے ساتھ معاملات سمیت خطے کی مجموعی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے عالمی امن کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے ہونے والی کوششیں کسی نتیجے تک پہنچ سکتی ہیں۔









