انصاف عوام کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

24

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت انصاف عوام کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ تاخیر سے ملنے والا انصاف اکثر سائل کو اس کے جائز حق سے محروم کر دیتا ہے اور انصاف کی فراہمی کا بنیادی مقصد بھی فوت ہو جاتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہر شہری کو بروقت، شفاف اور غیر جانبدارانہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی حقدار کو اسکے جائز حق سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب سعادت اللہ خان بازئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے صوبائی محتسب کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کے دوروں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے تاکہ ان کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیکر ضروری اصلاحات اور بہتری کے اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک فعال اور موثر محتسب کا ادارہ نہ صرف عوامی شکایات کے ازالے بلکہ سرکاری اداروں میں جوابدہی، شفافیت اور اچھی طرزِ حکمرانی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے خصوصی ہدایت کی کہ تمام زیرِ التوا شکایات اور مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ انصاف کے حصول کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے والے شہریوں کو غیرضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت سے وابستہ ہر ادارے کی اصل کامیابی اس بات میں مضمر ہے کہ عام شہری کو اس کے دروازے پر عزت، سہولت اور انصاف میسر آئے۔ انہوں نے صوبائی محتسب کے تمام ریجنل دفاتر میں دفتری اوقات کی پابندی یقینی بنانے، انہیں مزید متحرک، فعال اور عوام دوست بنانے اور ہر دفتر کی ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ باقاعدگی سے پرسنل آفس میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید ضلعی انتظامیہ کے افسران کو صوبائی محتسب کے ریجنل دفاتر کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوامی شکایات کے حل میں انتظامی رکاوٹیں دور ہوں اور ادارے کی مجموعی کارکردگی اور ساکھ میں مزید بہتری آئے۔ گورنر بلوچستان نے واضح کیا کہ تمام سرکاری معاملات میں میرٹ اوشفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب حکومتی ادارے بلا امتیاز ہر شہری کے ساتھ انصاف کریں، اسکی شکایت کو سنجیدگی سے سنیں اور اسکے جائز حق کی فراہمی میں عملی دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں