پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام 7 اور 11 اکتوبر کو شہدا کی برسی عقیدت سے منائی جائے گی

28

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 1983 کے شہدائے جمہوریت اسلم اولس یار شہید، کاکا محمود شہید، داد شہید اور رمضان شہید کی شہادت کی 43ویں برسی اور 11 اکتوبر 1991 کے شہدا وطن عبدالرحیم کلیوال شہید، صابر شاہ شہید، صاحب خان شہید، باز محمد باز شہید اور حبیب الرحمن شہید کی شہادت کی 35ویں برسی کے موقع پر پارٹی کے زیرِ اہتمام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پورے ملک، پشتونخوا وطن اور مختلف اضلاع میں منائی جائے گی۔

اس موقع پر شہدا کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں مرکزی تعزیتی اجتماع کوئٹہ میں پشتونخوا نیپ نواں کلی کے زیرِ اہتمام پروقار علاقائی کانفرنس، بیادِ شہدا 7 اکتوبر اور 11 اکتوبر کے عنوان سے منعقد ہوگا، جبکہ پشتونخوا وطن کے مختلف اضلاع میں بھی 7 اور 11 اکتوبر کو جلسوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن سے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔

اس سلسلے میں لورالائی میں 7 اکتوبر کو شہدا کی برسی منائی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون قومی تحریک اور جمہوری جدوجہد کے ان شہدا نے وطن، جمہوریت، قومی حقوق اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان شہدا کا لہو آج بھی قومی جدوجہد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہی قربانیوں کی بدولت پشتون قومی تحریک عوام کے دلوں میں مضبوط ہوئی اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک ایسی قومی، جمہوری اور عوامی جماعت کے طور پر ابھری ہے جس میں عوام جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر 1983 کو شہدا نے ضیائی مارشل لا کے خلاف جمہوریت، آئین کی بالادستی، بنیادی انسانی حقوق اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اسی طرح 11 اکتوبر 1991 کے شہدا نے بھی قومی حقوق، قومی واک و اختیار اور قبضہ گری کے خلاف اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔بیان میں کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے قومی اور جمہوری نظریے کا بنیادی سرمایہ ہیں۔

پارٹی اپنے شہدا کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی برابری، صوبائی خودمختاری، سماجی انصاف اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔مرکزی سیکریٹریٹ نے پارٹی کی تمام ضلعی، علاقائی اور یونٹ تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ شہدا کی برسی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منظم کریں اور عوام کو ان کی قومی و جمہوری جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں