کوئٹہ: خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
کوئٹہ: سنڈیمن سول ہسپتال میں دورانِ ڈیوٹی خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے والا ملزم ہسپتال میں لفٹ آپریٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔ ملزم کو تھانہ سول لائن کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تیزاب گردی سے متاثرہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر ولد حبیب اللہ ناصر کا تعلق ضلع دکی سے ہے۔ واقعے کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ مزید بہتر علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے نے طبی حلقوں اور عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔









