صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی چمن پھاٹک دھماکے کی شدید مذمت، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل قرار

42

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دہشت گردی کے دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن دشمنوں کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کا امن تباہ کرنے کی ایک اور ناپاک کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے چمن پھاٹک کے قریب سے گزرنے والی ٹرین کو نشانہ بنانے کی اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے الیکٹرونک میڈیا کے لیے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں واضح کیا کہ اس بزدلانہ حملے کے زخمیوں میں بڑی تعداد معصوم خواتین اور بچوں کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوامی املاک اور نہتے لوگوں پر حملے کرنے والے یہ درندے صفت عناصر بلوچستان اور یہاں کے عوام سے بالکل مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امن دشمن عناصر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا سامنے مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں رکھتے، اسی لیے وہ اپنے بیرونی آقا بھارت کو خوش کرنے کے لیے نہتے اور معصوم شہریوں پر وار کرتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور ملک دشمن عناصر کو ان کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں