پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کےوفد نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں شہری سہولیات، صحت، تعلیم، پانی و نکاسی آب اور دیگر عوامی خدمات سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ نے کی۔
اجلاس میں پلڈاٹ کے نمائندے فہیم احمد سمیت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، واسا، پی ایچ ای، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، بیورو آف اسٹیٹسٹکس، اسٹریٹ آرگنائزیشن، ایڈ بلوچستان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری اقدامات، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری، صاف پانی کی دستیابی، نکاسی آب کے نظام، اعداد و شمار کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنائیں۔اجلاس میں مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مفاد کے منصوبوں و اقدامات کی نگرانی کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔پلڈاٹ کے وفد نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور تعاون کو سراہا۔









