بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ، خضدار، حب اور دکی میں ناقص و مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں کے دوران 19 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد، ایک نان شاپ اور ایک ملک شاپ سیل جبکہ 16 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردئیے گئے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ میں سوشل میڈیا پر آٹے میں کیڑے مکوڑے پائے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کی فوری ہدایات پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کریک ڈاؤن کیا۔
میزان چوک، سرکلر روڈ، کواری روڈ، مسجد روڈ اور خدائیداد روڈ پر کارروائی کے دوران ایک تندور میں آٹے کی ذخیرہ گاہ پر حشرات، گردوغبار، ناقص صفائی اور زائدالمیعاد لائسنس پائے جانے پر اسے سیل کر دیا گیا۔
نان شاپس میں آٹے میں کیڑوں اور پیڑے کے وزن میں کمی، جبکہ ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے گودام میں چوہوں کی بیٹ اور ناقص اسٹوریج کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔
نواں کلی، بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں 28 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران 8 یونٹس پر جرمانے عائد اور ایک ملک شاپ سیل کی گئی جبکہ آٹے کے پرانے اور نئے اسٹاک کو الگ نہ رکھنے اور حشرات سے بچاؤ کے ناقص انتظامات پر پانچ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔دیگرکارروائیوں میں ہزارہ ٹاؤن، اسپنی روڈ، سرکی روڈ اور مشرقی بائی پاس پر بیکنگ یونٹس، پیزا شاپس، پکوان سینٹرز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس میں ناقص صفائی، خراب کوکنگ آئل، حشرات کی موجودگی، خوراک کو بغیر ڈھانپے رکھنے اور چکن کی نامناسب ذخیرہ کاری پر کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔









