بلوچستان میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کی مہم سال بھر جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

44

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم کو صرف مخصوص ایام تک محدود رکھنے کے بجائے سال بھر جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کوئٹہ میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے 16روزہ عالمی مہم کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان نے اقوام متحدہ کے اداروں، سول سوسائٹی اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے کیا۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پہلی مرتبہ محکمہ ترقیِ نسواں دیگر صوبائی محکموں کے اشتراک سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھا رہا ہے۔ مہم کے دوران متعلقہ محکموں کے تعاون سے ذہنی صحت کے موضوع پر خصوصی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ خواتین کو درپیش نفسیاتی مسائل اور ان کے حل پر توجہ دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ سول سوسائٹی کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ذہنی صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے انہوں نے جیلوں، دارالامان اور بینظیر شیلٹر ہومز سمیت متعلقہ اداروں میں ذہنی صحت کی سہولیات اور خدمات کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مشیر برائے ترقیِ نسواں نے کہا کہ صنفی مساوات کا مقصد کسی قسم کا مقابلہ نہیں بلکہ خواتین کو ان کے بنیادی حقوق، مساوی مواقع اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے، جس کے لیے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں مثبت سوچ اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہوگا۔

تقریب سے سیکرٹری محکمہ ترقیِ نسواں شیر شاہ غلزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور تشدد کا خاتمہ صرف کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ تمام متعلقہ اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شراکت دار تنظیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ اقدامات کے ذریعے خواتین کو درپیش مسائل کے حل پر زور دیا۔تقریب میں یونیسیف کے نمائندے ضیا الرحمن نے پولیو سے متعلق کیس اسٹڈیز پیش کیں، جبکہ عظمی یعقوب نے موسمیاتی تبدیلی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا۔

نورِ حرا کی زیر صدارت پینل ڈسکشن میں ایڈیشنل سیکرٹری نصیب اللہ، این اسی ایچ آر کی فرخندہ اورنگزیب ،یو این آر سی کی ریحانہ خلجی ،اے آئی جی جینڈر اسرار احمد ،انعم ملک مینگل اور مشتاق بلوچ نے شرکت کی۔ پینلسٹس نے صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام، متاثرہ افراد کی معاونت اور متعلقہ اداروں کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر یو این ڈی پی کے سربراہ ذوالفقار درانی نے سول سوسائٹی اور سماجی کارکنوں کی خدمات کو سراہا، جبکہ انور عادل نے سرگرمیوں کی تعداد کے بجائے ان کے معیار اور حقیقی نتائج پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔آخر میں تقریب کے منتظمین اور معاونین میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں