کوئٹہ ،چوری ڈکیتی عروج پر ، جرائم کی وارداتوں کاتدراک کیا جائے ،پشتونخوامیپ

20

پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، شہری عدم تحفظ کا شکار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں چوری، ڈکیتی، موٹر سائیکل چھیننے اور اسنیپ چیکنگ کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

جس کا نوٹس لینا ضلعی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ حکام، ڈی آئی جی پولیس اور متعلقہ ایس ایچ اوکی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹ رہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز پٹیل روڈ پر بھی ایک نوجوان شہری محمد اکرم کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیاجس کی پارٹی مذمت کرتی ہے اور چوری ،ڈکیتی ، گن پوائنٹ پر لوٹنے ، مزاحمت کے دوران زخمی وقتل کرنے کے درجنوں واقعات شہر کے ہر علاقے میں معمول بن چکے ہیں جوکہ امن کی صورتحال پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف جرائم پیشہ عناصر کھلے عام شہریوں کو لوٹ رہے ہیں، تو دوسری جانب فالکن فورس اور ایگل اسکواڈ کے بعض اہلکار مختلف ناکوں پر جرائم کی روک تھام کے بجائے نوجوانوں اور طالب علموں کو بلاوجہ روک کر ہراساں کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ بالخصوص کواری روڈ، گوالمنڈی تھانے کی حدود میں شاہ وکشاہ روڈ پر شہریوں کو مبینہ طور پر تنگ کرنے، دھونس دھمکیاں دینے اور مقامی افراد کو زبردستی تھانے لے جانے جیسے واقعات پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

اسی طرح کڈنی ہسپتال، سمنگلی روڈ سے شابو، کلی پائند خان، بڑیچ آباد اور ایئرپورٹ روڈ تک کا علاقہ شام کے بعد جرائم پیشہ عناصر کے لیے آسان ہدف بنتا جا رہا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران چھ سے زائد موٹر سائیکلیںاور درجنوں موبائل فونز چھینے جا چکے ہیں۔ بالخصوص کڈنی ہسپتال سے ایئرپورٹ روڈ تک زیر تعمیر سڑک پر مسلسل چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں شہریوں کے لیے شدید خوف و ہراس کا باعث بن رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح ٹاؤن پولیس تھانے کی حدود سمیت متاثرہ علاقوں میں پولیس گشت فوری طور پر بڑھایا جائے اور سمنگلی روڈ کڈنی ہسپتال سے شابو، کلی پائند خان، بڑیچ آباد اور ایئرپورٹ روڈ سمیت تمام کوئٹہ شہر میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جائیںاسی طرح موٹر سائیکل چھیننے، اسٹریٹ کرائم اور گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

جبکہ فالکن فورس اور ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کو پابند کیا جائے کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں۔اسنیپ چیکنگ کے نام پر نوجوانوں، طالب علموں اور مقامی شہریوں کو بلاجواز ہراساں کرنے، دھمکانے اور غیر قانونی طور پر تھانے منتقل کرنے کے واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، نہ کہ شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا۔

پولیس کا اصل کام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ناکوں پر شریف شہریوں، نوجوانوں اور طالب علموں کو بلاوجہ تنگ کرنے کے بجائے اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔بیان میں پٹیل روڈ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس کی ٹیم کو داد تحسین پیش کی گئی ہے اور اس امید کے ساتھ کہ کوئٹہ شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک بنانے میں اپنی ذمہ داریوں کو پو را کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں