جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جے یو آئی کے کارکنان کا کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دیا جانے والا دھرنا ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمن بھی پولیس اور انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔
، خیبرپختونخوا میں پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران 50 سے زائد کارکنان کو گرفتار جبکہ پشاور کی ایم ون موٹروے پر ٹریفک کو بحال کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جے یوآئی کے کارکنان نے پارٹی قائد کی کال پر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ کی اہم داخلی خارجی اور بین الصوبائی شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنا دیا جبکہ کچھ مقامات پر مظاہرین کی جانب سے ٹائر نذر آتش بھی کیے گئے۔
کراچی میں دھرنا
جے یو آئی کے کارکنان نے حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ، گھگر پھاٹک پر دھرنا دیا۔ جس کی وجہ سے شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔









