27

والدین اپنے بچوں کو اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم سے وابستہ کریں،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

امیرجماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم سے وابستہ کریں، کیونکہ اسلامی جمعیت طلبہ ہی وہ منظم،نظریاتی اور تربیتی تنظیم ہے جو نوجوان نسل کو دین اسلام،اعلیٰ اخلاق، تعلیمی شعور،قیادت، خدمت خلق اور قومی ذمہ داری کا احساس دلاتی ہے۔

موجودہ دور میں نوجوان نسل کو بے راہ روی،منشیات، فحاشی،مادہ پرستی، سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور اخلاقی زوال جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اسلامی جمعیت طلباء کے زیراہتمام کوئٹہ میں سہ روزہ داعیان کیمپ برائے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا داعیان کیمپ برائے ذمہ داران سے ناظم اسلامی جمعیت طلباء بلوچستان احسان اللہ ناصر جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ نائب امراء زاہداختربلوچ ڈاکٹر عطاالرحمان ڈپٹی جنرل سیکرٹری پروفیسرسلطان محمد کاکڑ ممتازدانشورمحمد فاروق کاکڑ،سابق ناظم صوبہ اعجازمحبوب ودیگرنے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں ضروری ہے کہ طلبہ و نوجوانوں کی صحیح اسلامی خطوط پر تربیت کی جائے۔

اسلامی جمعیت طلبہ نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کی فکری، اخلاقی،تعلیمی اور تنظیمی تربیت میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ جمعیت نے ہمیشہ نوجوانوں کو مثبت سوچ، نظم و ضبط، دین سے وابستگی، والدین و اساتذہ کے احترام، مطالعہ، تحقیق اور قومی خدمت کا شعور دیا ہے۔آج ملک کی سیاست،صحافت، تعلیم،عدلیہ،طب اور دیگر شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی بے شمار شخصیات اسلامی جمعیت طلبہ کی تربیت یافتہ ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں۔اگر نوجوانوں کی صحیح رہنمائی نہ کی جائے تو معاشرہ فکری انتشار،اخلاقی بحران اور سماجی تباہی کا شکار ہوجاتا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کو صرف نعروں تک محدود نہیں رکھتی بلکہ انہیں عملی میدان میں کردار ادا کرنے،حق و انصاف کی آواز بلند کرنے اور مظلوم طبقات کی خدمت کرنے کا جذبہ بھی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں مگر انہیں سازگار تعلیمی ماحول، مثبت قیادت اور درست سمت کی ضرورت ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی شخصیت سازی، کردار سازی اور قیادت سازی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔جمعیت طلبہ میں شامل نوجوان نظم، دیانت، اخلاص، قربانی اور aخدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر معاشرے میں مثبت تبدیلی کے علمبردار بنتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے والدین، اساتذہ اور سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو اسلامی جمعیت طلبہ جیسے نظریاتی اور تربیتی پلیٹ فارم سے جوڑنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایک باکردار، باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور اسلامی اقدار سے آراستہ نسل پروان چڑھ سکے جو مستقبل میں ملک و ملت کی حقیقی قیادت سنبھال سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں میں اتحادِ امت،حب الوطنی، دینی شعور اور خدمت خلق کے جذبے کو فروغ دے رہی ہیاور یہی وہ مثبت راستہ ہے جس سے معاشرے میں امن، ترقی، عدل اور خوشحالی کا قیام ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں