بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کلی اسماعیل، کلی شبو اور کوئری روڈ پر طبی مراکز کے خلاف معائنہ مہم کے دوران مجموعی طور پر 11 ہیلتھ کیئر اداروں کا معائنہ کیا، اس دوران ایک جنرل پریکٹیشنر کلینک پر جرمانہ عائد جبکہ 6 طبی مراکز کو خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کردیئے گئے۔
ترجمان کمیشن کے مطابق کلی اسماعیل اور کلی شبو میں کارروائی کے دوران 6 طبی مراکز کا معائنہ کیا گیا، جن میں 4 جنرل پریکٹیشنر کلینکس، ایک پولی کلینک اور ایک ہومیوپیتھک مرکز شامل تھا۔ معائنے کے دوران مقررہ ضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایک جنرل پریکٹیشنر کلینک پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 3 جنرل پریکٹیشنر کلینکس، ایک پولی کلینک اور ایک ہومیوپیتھک مرکز کو نوٹس جاری کیے گئے۔
اسی طرح کوئٹہ کے کوئری روڈ اور یونیورسل کمپلیکس میں قائم 5 طبی مراکز کا معائنہ کیا گیا، جہاں ایک ڈینٹل ایکسرے سینٹر بغیر رجسٹریشن کے کام کرتا پایا گیا، جس پر متعلقہ ادارے کو رجسٹریشن کے تقاضے پورے نہ کرنے پر باقاعدہ نوٹس جاری کردیا گیا۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق مذکورہ کارروائیاں بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019، متعلقہ قواعد و ضوابط اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) کے معیاری طریقہ کار کی خلاف ورزیوں پر عمل میں لائی گئیں۔
کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں طبی مراکز کی نگرانی، علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے، غیر مستند طبی سرگرمیوں کے خاتمے اور عوام کو غیر معیاری طبی سہولیات سے محفوظ رکھنے کے لیے معائنہ مہم جاری رہے گی۔ مقررہ قوانین اور طبی معیارات پر عمل درآمد تمام ہیلتھ کیئر اداروں کے لیے لازمی ہے۔









