جامعہ تربت میں اسپرنگ 2027 داخلوں کی تیاری، آن لائن ایڈمیشن سسٹم مزید آسان بنانے کی ہدایت

34

خطے میں اعلی تعلیم و تحقیق کے فروغ اور یونیورسٹی کے تمام امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت تمام تدریسی و انتظامی سربراہان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپرنگ 2027 کے نئے تعلیمی سیشن کے داخلوں، اسمارٹ آن لائن ایڈمیشن سسٹم اور امیدواروں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے آغاز میں رجسٹرار گنگزار بلوچ نے داخلوں کی تفصیلات کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ اس کے بعد وائس چانسلر نے ادارے کے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے تمام شعبہ جات کو ہدایت کی کہ داخلہ سسٹم کو مزید بہتر و آسان بنایا جائے، اور دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، تاکہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

اسی تناظر میں وائس چانسلر نے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرانے کے دوران پیش آنے والے تکنیکی مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ ترجمان جامعہ تربت کے مطابق اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے حالیہ دورہ کوئٹہ کے دوران یونیورسٹیز فنانس کمیشن کے اجلاس اور گورنر بلوچستان، صوبائی وزیر تعلیم و سیکرٹری تعلیم سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں ادارے کے مالی استحکام، ای گورننس اور انتظامی امور کی مکمل آٹومیشن کے علاوہ یونیورسٹی کی خالی آسامیوں کو مستقل بنیادوں پر پر کرنے کے حوالے سے مثبت گفتگو ہوئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں