گیس غائب، بل ہزاروں میں، سمنگلی روڈ پر کوئٹہ کے شہریوں کا سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف احتجاج

27

کوئٹہ میں گیس کی بدترین قلت، کم پریشر اور بھاری بھرکم بلوں کے خلاف عوام کا صبر جواب دے گیا، سمنگلی روڈ پر گیس دفتر کے سامنے شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھروں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم صارفین کو ہزاروں اور بعض شہریوں کو لاکھوں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

احتجاج میں شریک ایک محنت کش نے 96ہزار روپے کا گیس بل دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ سوزوکی چلا کر اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتا ہے، اس کے لیے اتنی بڑی رقم ادا کرنا ممکن نہیں۔ اسی طرح ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ ایک کمرے کے گھر کا گیس بل 14ہزار روپے موصول ہوا ہے، جبکہ دیگر صارفین نے 18ہزار، 20ہزار، 40ہزار اور 50ہزار روپے تک کے بل موصول ہونے کی شکایات کیں۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بلوں میں گیس کے استعمال کی درست ریڈنگ اور حساب کتاب واضح نہیں کیا جا رہا اور صارفین کو اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں۔مظاہرین کے مطابق کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ انتہائی محدود ہوچکا ہے، دن کے 24گھنٹوں میں صبح تقریبا 6سے 7بجے اور شام 6سے 7بجے تک ہی گیس دستیاب ہوتی ہے، جبکہ باقی تقریبا 20گھنٹے گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ نومبر کے مہینے میں گیس کی فراہمی کی یہ صورتحال ہے تو دسمبر اور جنوری کی شدید سردی میں عوام کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

احتجاجی شہریوں نے متعلقہ حکام اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں گیس کا پریشر معمول کے مطابق بحال کیا جائے، صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی جائے، بھاری اور مبینہ طور پر غلط بلوں کا فوری نوٹس لے کر ان کی جانچ پڑتال کی جائے اور ہر صارف کو درست میٹر ریڈنگ کے مطابق بل جاری کیے جائیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس عوام کی بنیادی ضرورت ہے، اسے چند گھنٹوں تک محدود کرکے بھاری بل وصول کرنا شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ غریب عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے کے بجائے ان کے مسائل حل کیے جائیں اور گیس کی فراہمی و بلنگ کے نظام میں بہتری لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں