جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ کی حرمت کسی ریاست یا حکومت کی عطا کردہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حرمت ہے جس کی پاسداری پوری امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی اعتبار سے حرمین شریفین جس ریاست کے زیرِ انتظام ہوں تاہم حرمین الشریفین پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ روحانی مرکز اور مسلمانوں کے دلوں کی عقیدت کا محور ہیں۔
مکہ مکرمہ کی حرمت اور تقدس پر کسی بھی قسم کی جارحیت یا تعرض نہ صرف ناقابلِ قبول ہے بلکہ اس کے نتائج پورے عالم کے امن و استحکام کے لیے انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ مکہ مکرمہ پر حملے کی کوئی بھی کوشش پوری مسلم دنیا کے جذبات کو شدید مجروح کرنے اور خطے کو آگ و خون کی لپیٹ میں لانے کے مترادف ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدت کا مرکز ہیں ان کی حرمت و تقدس کا تحفظ ہر مسلمان کی دینی ذمہ داری ہے جس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوت کو مقدساتِ اسلام کی بے حرمتی یا ان کی حرمت کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔









