دہشت گردانہ واقعات نے کلی محمد خیل کے عوام کو شدید خوف و ہراس ،عدم تحفظ سے دوچار کر دیا ہے،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

35

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں گزشتہ روز کلی محمد خیل پنجپائی، ضلع کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعات اور اس کے نتیجے میں تقریباً 300 گھرانوں کی اپنے آبائی گھروں سے نقل مکانی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد سیکیورٹی کے نام پر غیور پشتون عوام کو اپنے ہی گھروں اور آبائی علاقوں سے بے دخل کرنا سراسر ناانصافی اور ظلم ہے۔

پارٹی نے کہا کہ گزشتہ روز کے دہشت گردانہ واقعات نے کلی محمد خیل کے عوام کو شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ سے دوچار کر دیا ہے۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں سمیت سینکڑوں خاندان اپنے آبائی گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ پشتون عوام اپنی ہی سرزمین پر امن و سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کے بجائے بے گھر اور بے سروسامانی کی حالت میں دربدر ہونے پر مجبور ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے، لیکن دہشت گردی کے واقعات کے بعد غیور پشتون عوام کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے انہیں اپنے آبائی علاقوں سے نکالنا ان کے بنیادی انسانی، شہری اور آئینی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پارٹی نے کہا کہ بارشوں اور سرد موسم میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت سینکڑوں خاندانوں کی نقل مکانی انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ ان بے گھر خاندانوں کی رہائش، خوراک، علاج معالجے اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ کلی محمد خیل پنجپائی کے عوام کو فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے، دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور نقل مکانی پر مجبور ہونے والے تمام خاندانوں کی باعزت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

عوام کو اپنے آبائی گھروں سے بے دخل کرنے کے بجائے ان کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔پارٹی نے واضح کیا کہ پشتون عوام اپنی سرزمین پر امن، تحفظ اور باعزت زندگی گزارنے کا حق رکھتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے نام پر بے گناہ عوام کو اجتماعی سزا دینا اور انہیں اپنے گھروں سے محروم کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کلی محمد خیل پنجپائی کے غیور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور حکومت و متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان بے بس خاندانوں کی مشکلات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے انہیں اپنے گھروں میں محفوظ زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں