نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک بھر میں سائبر جرائم اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے جدید خطوط پر استوار 17 سائبر پٹرولنگ یونٹس قائم کر دیئے ہیں۔ ان یونٹس کی مدد سے منفی پروپیگنڈے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 76 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ‘کاسو’ کے نام سے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں جن کا بنیادی کام سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل اسپیس پر ریاست مخالف عناصر اور ان کے منفی پروپیگنڈے پر کڑی نظر رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 76 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد کو نوٹسز جاری کیے گئے، باقاعدہ انکوائریز شروع کی گئیں اور مقدمات (ایف آئی آرز) درج کیے گئے ہیں۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ قبل ازیں ہیڈ کوارٹر کی سطح پر صرف ایک پٹرولنگ یونٹ موجود تھا، جسے اب بڑھا کر 17 سائبر پٹرولنگ یونٹس تک وسیع کر دیا گیا ہے، یہ تمام یونٹس سوشل میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہے ہیں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے، جعلی خبروں (فیک نیوز)، خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے، غیر اخلاقی و فحش مواد کی تشہیر سمیت دیگر سنگین سائبر جرائم کے تدارک میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور پٹرولنگ کے عمل کو جدید بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز کا موثر اور بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان جدید ترین اے آئی ٹولز اور گیجٹس کی مدد سے ڈیٹا کا باریک بینی سے تجزیہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ورٹیکل اور ہوریزونٹل امتزاج کے ذریعے ادارے کی استعداد کار اور فنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ سائبر اسپیس کو محفوظ بنایا جا سکے اور قانون شکن عناصر کے خلاف فوری و بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔









