مستونگ کے علاقے جدید آباد میں کوئ تفتان شاہراہ پر واقع ایک پل کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پل کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ بم پل کے نیچے نصب کیا گیا تھا جو اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکار علاقے کی مکمل کلیئرنس میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد کوئٹہ تفتان شاہراہ پر آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ واقعے کے باوجود کسی شہری یا گاڑی کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس اور متعلقہ ادارے علاقے میں سرچ آپریشن اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے میں مصروف ہیں۔









