کراچی کے علاقے صدر کوئٹہ بس اڈے کے سامنے ٹھیلا لگانے کے تنازع پر گولیاں چل گئیں۔ ایس ایس پی سائو تھ مہروزعلی کے مطابق صدر کوئٹہ بس اڈے کے قریب دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں راہ گیر اور بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ بس اڈے کے سامنے ٹھیلا لگانے پر تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا، فائرنگ کرنے والے مختلف گاڑیوں میں سوار تھے۔
واقعے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے جس میں فائرنگ ہوتے ہی بھگدڑ مچتے اور ایک ملزم کو سڑک پر بھاگتے ہوئے رائفل سے فائرنگ دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی میں فرار ہوئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 10 سال کا بچہ اللہ محمد، 14 سال کا بلال عبدالمنان، 16 سالہ احسان اللہ قاسم اور 25 سالہ سعید رسول شامل ہیں۔پولیس حکام نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔









