فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل غیر آئینی قرار دینے والے جسٹس جمال خان مندوخیل آج رٹائر ہو جائیں گے۔
جسٹس جمال مندوخیل ستمبر2009ء کو بلوچستان ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے، اس دوران انھوں نے متعدد اہم فیصلے کئے، ان میں ایک بلوچستان کی غیر آباد زمینیں وہاں صدیوں سے آباد قبائل کی ملکیت قرار دینا تھا۔
انہوں نے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی ایکٹ کی متعدد شقیں غیر آئینی، ڈی ایچ اے کو ایک غیر سرکاری ایجنسی قرار دیا، تاہم اس فیصلے کو سپریم کورٹ نے معطل کر دیا تھا۔
انہیں2021 ء میں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا،سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کیمپ کا حصہ ہونے پر انہیں پی ٹی آئی کی تنقید کا سامنا رہا، وہ اس بینچ کا بھی حصہ تھے جس نے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کا وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔
سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے پنجاب، خیبرپختونخوا میں90 روز کے انتخابات کرانے کی سوموٹو کارروائی پر اعتراض کرنیوالوں ججوں میں شامل تھے، 26ویں ترمیم کے بعد انہیں آئینی بینچوں کا رکن نامزد کیا گیا۔
وہ آئینی بینچوں کو تشکیل دینے والی کمیٹی کا بھی حصہ تھے،جسٹس مندوخیل نے بطور چیئرمین اینرولمنٹ کمیٹی سینکڑوں وکلاء میں سپریم کورٹ میں پریکٹس کے لائسنس جاری کئے۔
بطور رکن جوڈیشل کمیشن انہوں نے جسٹس سرفراز ڈوگر کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی حمایت نہیں کی تھی۔ وکلاء کے مطابق جسٹس مندوخیل کی انتظامی مفادات اور شہری حقوق کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش میں کچھ متنازع فیصلوں نے سپریم کورٹ کے اختیارات اور ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔
ایک سینئر وکیل کے مطابق بلوچستان سے تعلق کی وجہ سے جسٹس مندوخیل کیلئے طاقتور حلقوں سے قریبی تعلق کے بغیر چلنا مشکل تھا، ان کے بھائی پی پی پی کے ٹکٹ پر سینٹر منتخب ہوئے،انہوں نے آزاد جج کا تاثر قائم کرکے ہر کسی کو خوش کرنے کی کوشش کی ،جوکہ ان کیلئے ایک مشکل کام تھا۔









