بلوچستان کے 9شہروں کو محفوظ بنانے کیلئے پنجاب سے ٹیکنالوجی اور تکنیکی معاونت لینے کا فیصلہ

40

بلوچستان میں شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم ان منصوبوں کو موثر اور مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے اب پنجاب سے معاونت حاصل کی جائے گی۔

اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے درمیان سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

وزیراعلی بلوچستان کے مراسلے پر وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کو مضبوط بنانے اور ضروری تکنیکی و ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

دونوں صوبوں کی سیف سٹی اتھارٹیز کے درمیان مشترکہ منصوبے کے تحت سکیورٹی مانیٹرنگ، عملے کی تربیت اور تجربات کے تبادلے کے لیے بھی ایک نظام وضع کیا جائے گا۔اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا.

جس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے کے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے.

جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بلوچستان کے عملے کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اور جدید تکنیکی معاونت کی فراہمی میں بھی تعاون کرے گی۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے محض نگرانی کا نظام نہیں بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں