جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد محمد حسنی، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کی قیادت کی کردار کشی اور پگڑیاں اچھالنے کی مذموم کوششیں کرنے والے خود رسوائی کا سامنا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اے آئی کے ذریعے سیاسی قیادت کی جعلی تصاویر اور من گھڑت مواد تیار کرکے ان کی تضحیک اور کردار کشی کا سلسلہ ملکی سیاست میں رواداری شائستگی اور اخلاقی اقدار کے لیے زہرِ قاتل ہے، سیاسی اختلافات کا جواب دلیل اور کارکردگی سے دیا جانا چاہیے نہ کہ ذاتی حملوں کردار کشی اور انتقامی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایسے منفی رجحانات کو فروغ دینا نہ صرف سیاسی ماحول کو پراگندہ کرتا ہے بلکہ معاشرتی اقدار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ سیاست میں اختلافِ رائے اور حکومتی پالیسیوں و کارکردگی کا تنقیدی جائزہ جمہوری حق ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔ حکومت اور اس کے حامی عناصر اوچھے ہتھکنڈوں اور غیر سنجیدہ سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے سیاسی آوازوں کو دبانے کے بجائے مہذب سیاسی رویوں اور دلیل کی زبان اختیار کریں۔









